اوٹاوا: کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے علاقوں ایشکورفٹ، کاشے کریک، 100 مائل ہاوس اور 150 مائل ہاوس کے جنگلات میں لگی آگ کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے ایک لاکھ 31 ہزار 737 ہیکٹر رقبے پر پھیلے جنگلات کو نقصان پہنچا ہے اور اب تک علاقے سے 37 ہزار افراد کومحفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔برٹش کولمبیا فائر انفارمیشن مرکز کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق آگ ولئیمز لیک کے علاقے تک پہنچ گئی ہے۔
حکام کے مطابق 162 مقامات آگ کی لپیٹ میں آئے ہوئے ہیں اور آگ بجھانے کی کاروائیوں میں 2 ہزار 895 افراد شامل ہیں جن میں 415 افراد کا تعلق فائر بریگیڈ کے عملے سے ہے جبکہ آگ بجھانے اور امدادی کاموں میں 150 فوجی اور 3 فوجی ہیلی کاپٹروں سمیت 10 طیارے بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق علاقے میں ہوا 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے جو آگ کے پھیلنے کی بنیادی وجہ ہے جبکہ متاثرہ افراد کے لئے 11 کیمپ لگائے گئے ہیں اورکینیڈا ریڈ کراس سمیت سول سوسائٹیوں اور سرکاری اداروں کی طرف سے خوراک اور صحت و صفائی کا سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔
اسلامک ریلیف کینیڈا نامی بین الاقوامی امدادی تنظیم نے بھی آگ کے متاثرین کو امداد بھیجنے کے لئے امدادی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔