مصر:نیل کے جزیرے میں پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں، ایک ہلاک، 50 زخمی

05:54 PM, 17 Jul, 2017

نیوویب ڈیسک

قاہرہ: مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے نواح میں واقع دریائے نیل کے ایک جزیرے میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں ایک شخص ہلاک اور پچاس زخمی ہوگئے ہیں۔

مصر کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ قاہرہ کے شمالی کنارے میں واقع جزیرے الوراق کا ایک مکین ہلاک ہوگیا ہے اور انیس افراد زخمی ہوئے ہیں لیکن اس نے یہ نہیں بتایا ہے کہ یہ شخص کیسے ہلاک ہوا ہے۔

مصر کی وزارت داخلہ نے جھڑپوں میں اکتیس پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے ۔پولیس اہلکار جزیرے میں ٹھیکے داروں کے ساتھ آئے تھے۔زخمیوں میں دو پولیس جنرل بھی شامل ہیں۔جزیرے کے دس مکینوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مظاہرے کے دوران ہلاک ہونیوالے شخص کے جنازے سیکڑوں افراد نے شرکت کی ہے اور اس کی سوشل میڈیا پر تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔ان میں زیادہ تر نوجوان تھے اور وہ سخت غصیلے انداز میں نعرے بازی کررہے تھے۔تشدد کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب پولیس نے جزیرے کے مکینوں سے سرکاری زمین خالی کرانے کی کوشش کی تھی۔

مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے حکم پر ملک بھر میں غیر قانونی قابضین سے سرکاری اراضی خالی کرائی جارہی ہے۔مقامی میڈیا میں پولیس اور فوج کی گذشتہ کئی ہفتوں سے غیر قانونی عمارتوں اور تجارتی مراکز کو مسمار کرتے ہوئے تصاویر شائع کی جارہی ہیں۔

وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جزیرے کے مکینوں نے پولیس فورس پر آتشیں ہتھیاروں سے حملہ کیا تھا اور پتھرا کیا تھا اور پولیس نے آنسو گیس کے شیل فائر کیے تھے۔اس کا کہنا ہے کہ اس جزیرے میں سات سو سے زیادہ عمارتیں غیر قانونی ہیں۔

مزیدخبریں