اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد جوش خطابت میں سپریم کورٹ کے ججز کو جناب سپیکر کہہ گئے ۔ پیر کے روز سپریم کورٹ میں پاناماکیس کی سماعت کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد جب جے آئی ٹی کی رپورٹ پر اپنے دلائل دے رہے تھے تو جوش خطابت میں وہ ججز کو مائی لارڈ کہنے کی بجائے جناب سپیکر کہہ گئے جس پر عدالت میں موجود افراد نے زور دار قہقہہ لگایا ۔
چیئرمین عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں سب چیزیں واضح ہو چکی ہیں لیکن اگر ان کی اب بھی تسلی نہیں ہوئی تو عدالت سے درخواست کروں گا کہ نواز شریف کو طلب کیا جائے، میں خود ان پر جرح کروں گا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں ایسی حکومت نہیں دیکھی جو اپنا اقتدار بچانے کیلئے ملک کو داﺅ پر لگا رہی ہے۔ جو جے آئی ٹی کو گالی دے رہا ہے وہ سپریم کورٹ کو گالی دے رہا ہے۔