مقبوضہ کشمیر میں ہندو یاتریوں کی بس کھائی میں جا گری، 16افراد ہلاک، 26شدید زخمی

01:40 PM, 17 Jul, 2017

نیوویب ڈیسک

سری نگر:  مقبوضہ کشمیر میں ہندو یاتریوں کی بس کھائی میں گرنے سے 16 افراد ہلاک اور 26 شدید زخمی ہو گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں یاتریوں کی بس امرناتھ مندر سے سری نگر کی جانب جارہی تھی کہ ضلع رام بن کے علاقے بنی ہال کے فوجی اڈے کے قریب بس کا پچھلا ٹائر پھٹ گیا اور بس بے قابو ہوکر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 16 افراد موقع پر ہی ہلاک اور 26 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 14 مرد اور دو خواتین شامل ہیں جبکہ زیادہ زخمی ہونے والے افراد کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج سپر اسپیشلٹی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔بس میں مجموعی طور پر 46 افراد سوار تھے جن میں سے زیادہ تر افراد کا تعلق راجستھان اور بہار سے تھا۔ حادثے کے بعد فوج، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔

مزیدخبریں