واشنگٹن: امریکی سپریم کورٹ نے ٹک ٹاک کی بندش کا فیصلہ سناتے ہوئے اس کی چینی مالک کمپنی بائٹ ڈانس کو 19 جنوری 2025 تک ایپ فروخت کرنے کی ہدایت دی ہے، بصورت دیگر ایپ کو امریکہ میں بند کر دیا جائے گا۔ یہ اقدام قومی سلامتی کے خدشات کے تحت کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے مطابق، جنوری 19 کے بعد ٹک ٹاک کو امریکی ایپ اسٹورز سے ہٹا دیا جائے گا، جس کے نتیجے میں نئی ڈاؤن لوڈز اور اپ ڈیٹس ممکن نہیں ہوں گی۔ موجودہ صارفین ایپ استعمال کر سکیں گے، مگر اپ ڈیٹس کی غیر موجودگی کی وجہ سے ایپ کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔
امریکی حکومت کا دعویٰ ہے کہ ٹک ٹاک کے ڈیٹا کلیکشن اور چین کے ساتھ تعلقات قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ دوسری جانب، بائٹ ڈانس نے اب تک ایپ فروخت کرنے سے انکار کیا ہے، جس کی وجہ سے ڈیڈ لائن کے قریب آنے کے ساتھ ٹک ٹاک کا مستقبل غیر یقینی ہو چکا ہے۔
نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ٹک ٹاک کی بندش سے بچانے کے لیے ممکنہ حل نکالنے کو تیار ہیں، لیکن کسی معاہدے کی تفصیلات فی الحال واضح نہیں ہیں۔
یہ فیصلہ ٹک ٹاک اور امریکی حکومت کے درمیان جاری کشیدگی کا ایک بڑا موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔