اسلام آباد: پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو نے ایک اور تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ پہلے سیٹلائٹ کو چین کی مدد سے خلاء میں روانہ کر دیا۔ سیٹلائٹ کو چین کے جیچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلاء میں بھیجا گیا۔
پاک فوج نے اس کامیابی کو پاکستان کی خلائی ٹیکنالوجی میں خود کفالت کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ لانچ پاکستان کی جدید ٹیکنالوجی کی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سپارکو اور متعلقہ ٹیموں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
ماہرین کے مطابق، یہ سیٹلائٹ زمین کی نگرانی، ماحولیاتی تحفظ اور زراعت سمیت دیگر اہم شعبوں میں پاکستان کی مدد کرے گا۔