پاکستان کا پہلا مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ خلاء میں روانہ

06:32 PM, 17 Jan, 2025

اسلام آباد: پاکستان نے خلائی ٹیکنالوجی میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ سپارکو نے پاکستان میں تیار کردہ پہلا الیکٹرو آپٹیکل ای او-ون سیٹلائٹ چین کے جیو چوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کامیابی کے ساتھ خلاء میں روانہ کر دیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس کامیابی پر سپارکو اور متعلقہ ٹیموں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ کی کامیاب روانگی پوری قوم کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ہے اور یہ پاکستان کی خلائی تحقیق میں ترقی کی علامت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی اپنے بیان میں اس کامیابی کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ سیٹلائٹ جدید خلائی ٹیکنالوجی میں پاکستان کی خود کفالت کی جانب ایک بڑا قدم ہے جو قومی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ای او-ون سیٹلائٹ کے ذریعے پاکستان کو زمین کے مشاہدے، زراعت، ماحولیاتی تحفظ، اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے نمایاں سہولتیں حاصل ہوں گی۔
 

مزیدخبریں