حکومت اور پی ٹی آئی دونوں چاہتے ہیں کہ عمران خان جیل میں رہیں، فیصل واوڈا

حکومت اور پی ٹی آئی دونوں چاہتے ہیں کہ عمران خان جیل میں رہیں، فیصل واوڈا

اسلام آباد:سینیٹر فیصل واوڈا نے 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں عمران خان کی سزا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی دونوں کی خواہش ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں رہیں۔

 فیصل واوڈا نے  نجی ٹی وی  سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ عمران خان اس صورتحال تک پہنچے ہیں، کیونکہ 2018 سے پہلے انہوں نے ایسا کوئی عمل نہیں کیا جس سے ان کی گرفتاری ممکن ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی پیش گوئی کر چکے تھے کہ 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سزا ملے گی۔

سینیٹر واوڈا نے یہ بھی بتایا کہ شہزاد اکبر کو برطانیہ کی کابینہ کی منظوری کے بغیر بھیجا گیا تھا اور این سی اے نے اس رقم کو پاکستان کا پیسہ قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں مذہبی کارڈ کھیلنے کی کوشش کی گئی تھی، اور بند لفافہ لانے کے باوجود وہ اس وقت بھی ایجنڈے کا حصہ نہیں تھا۔

عدالتی فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ کچھ غلط ہو رہا ہے، ان میں سے کئی وزرا پہلے بھی یہ تسلیم کر چکے ہیں کہ یہ فیصلہ درست نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے، ملزم کو پکڑا نہیں جا سکتا کیونکہ وہ وزیراعلیٰ ہے۔

سانحہ 9 مئی کے حوالے سے سینیٹر واوڈا نے کہا کہ اس وقت پروپیگنڈا کیا گیا کہ انہیں پھنسایا جا رہا ہے، مگر علی امین گنڈاپور نے خود تسلیم کیا کہ ان کے لوگ وہاں موجود تھے اور سزا دینی چاہیے۔

مذاکرات کے بارے میں سینیٹر واوڈا نے پیش گوئی کی کہ آج سے مذاکرات رک جائیں گے اور 20 جنوری کو ٹرمپ کارڈ نہیں آئے گا، جس سے انہیں مایوسی ہو گی۔

سینیٹر نے مزید کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی دونوں عمران خان کو جیل میں رکھنا چاہتے ہیں، اور اعلیٰ عدلیہ میں جانے کے باوجود یہ فیصلہ نہیں بدلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھنے والے آدھے لوگ وہی ہیں جو پہلے ان کے خلاف بیان دے کر آئے تھے۔

مصنف کے بارے میں