190 ملین پاؤنڈ ریفرنس : بانی پی ٹی آئی کو 14 ، بشری بی بی کو 7سال قید کی سزا

11:59 AM, 17 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی : 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کو  14 سال  قید بامشقت  اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنادی گئی  ہے۔

  

 احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں  یہ محفوظ  فیصلہ سنایا جہاں  عدالت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو 10 لا کھ جبکہ  بشریٰ بی بی کو 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔جج ناصر جاوید رانا نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان  جرمانہ ادا نہیں کرتے تو انہیں مزید 6 ماہ قید ہوگی البتہ بشری  بی بی کے جرمانہ نہ ادا کرنے کی صورت میں انہیں 3 ماہ کی مزید قید کی سزا ہوگی ۔

بشری بی بی کمرہ عدالت سے گرفتار 

دوسری جانب فیصلہ سنائے جانے کے بعد  بشری بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کیا گیا ہے اور احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا عدالت سے روانہ ہو گئے ہیں ۔اس کے  علاوہ عدالت کی جانب سےالقادر یونیورسٹی  کو سرکاری تحویل میں دینے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔

 عمران خان کو جیل سے کمرہ عدالت لایا گیا اور بشریٰ بی بی بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔ کیس کی سماعت کے دوران نیب پراسیکیوشن ٹیم، دفاعی وکلاء اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔

190 ملین پاؤنڈز کیس میں الزام تھا کہ کرپشن کی رقم کو ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے جرمانے میں ایڈجسٹ کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ اس کے علاوہ، وفاقی کابینہ سے حقائق چھپا کر جبری منظوری لینے کا بھی الزام ہے۔ کیس میں 35 گواہ پیش ہوئے، جبکہ 6 ملزمان اشتہاری قرار دیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اس کیس کا فیصلہ پہلے 18 دسمبر 2024 کو سنایا جانا تھا، لیکن متعدد بار تاریخیں تبدیل کی گئیں۔

مزیدخبریں