غزہ: غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے باوجود اسرائیل کی فوجی کارروائیاں جاری ہیں، جس کے نتیجے میں مزید 81 فلسطینی شہید اور 188 زخمی ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق، اسرائیلی فورسز نے غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں گولہ باری اور فضائی حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں غزہ سٹی میں 8 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں 2 بچے شامل ہیں، اور 20 افراد زخمی ہوئے۔
غزہ کے مغربی علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید 30 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ اس وقت تک غزہ میں شہداء کی تعداد 46 ہزار 788 تک پہنچ چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 10 ہزار 453 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب قطر کے وزیر اعظم نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کا اعلان کیا ہے، جس میں تین مراحل ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں 33 اسرائیلی اور 50 فلسطینی قیدیوں کی رہائی ہوگی، اور اسرائیل غزہ کے رفاہ کوریڈور سے اپنے فوجیوں کا انخلا شروع کرے گا۔ جنگ بندی معاہدے کا مقصد غزہ میں امن و سکون قائم کرنا اور انسانی نقصان کو روکنا ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں جنگ بندی کے باوجود جاری ہیں، جس سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔