پاکستان کا ایران سے سفیر بلانے اور ایرانی سفیر کوواپس بھیجنے کا اعلان 

پاکستان کا ایران سے سفیر بلانے اور ایرانی سفیر کوواپس بھیجنے کا اعلان 

اسلام آباد :پاکستان  نے  ایران سے سفیر بلانے اور ایرانی سفیر کوواپس بھیجنے کا اعلان  کیا ہے۔ اس بارے میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز  زہرا بلوچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان پر ایرانی حملے پر پاکستان نے اسلام آباد میں ایرانی سفیر کو  واپس جانےکا کہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا ہے کہ  پاکستان نے تہران میں موجود اپنے سفیر کو بھی واپس بلالیا ہے۔  ایران اور پاکستان کے درمیان سفارتی دوروں کو روکا جارہا ہے۔


ترجمان نے مزید بتایا کہ چاہ بہار میں جاری پاک ایران جوائنٹ بارڈر ٹریڈ کمیٹی کا اجلاس بھی ملتوی کردیا گیا ہے، پاکستان کی جانب سے اپنا وفد ایران سے واپس بلانے پر اجلاس کو ملتوی کیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد چاہ بہار سے واپس پاکستان آنے کے لیے روانہ ہوگیا ہے، پاکستانی وفد میں چیف کلکٹر کسٹم بلوچستان اور ڈپٹی کمشنر گوادر شامل ہیں۔اس کے علاوہ کوئٹہ اور گوادر چیمبرز کے تجارتی وفود اور دیگر حکام بھی وفدکا حصہ ہیں۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں حملے کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہو گئی تھیں۔


پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی بلااشتعال خلاف ورزی اور پاکستانی حدود میں حملے کی شدید مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ خودمختاری کی خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب بھی کیا تھا۔

مصنف کے بارے میں