نجکاری کے بغیر پاکستان کامستقبل نہیں،  انتخابات میں ہمیں سادہ اکثریت سے زیادہ کامیابی ملے گی،  اگر دوسری جماعتیں چاہیں گی تو انہیں کابینہ کا حصہ بنایا جائے گا : اسحاق ڈار

نجکاری کے بغیر پاکستان کامستقبل نہیں،  انتخابات میں ہمیں سادہ اکثریت سے زیادہ کامیابی ملے گی،  اگر دوسری جماعتیں چاہیں گی تو انہیں کابینہ کا حصہ بنایا جائے گا : اسحاق ڈار
سورس: file

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نجکاری کے بغیر پاکستان کا مستقبل نہیں ہے۔  انتخابات میں ن لیگ کو سادہ اکثریت سے زیادہ کامیابی ملے گی اور اگر دوسری جماعتیں چاہیں گی تو انہیں بھی کابینہ کا حصہ بنایا جائے گا۔

 نجی ٹی وی کے ٹاک شو  آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ میں گفتگو کے دوران سابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت میں آئے تو نجکاری ہمارے ایجنڈے میں سب سے اوپر ہوگی کیونکہ اس کے بغیر ہمارا مستقبل نہیں ہے۔

 رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ اسٹرکچرل ریفارمز کے سوا ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں ہے، حکومت میں آنے کے بعد اگر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس جانے کا فیصلہ کیا تو فوری جائیں گے اور اگر نہ جانے کا فیصلہ کیا تو کمر کسنا پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ فارن ایکسچینج اخراجات پر بہت سخت مانیٹرنگ کرنا پڑے گی۔ معیشت اور نجکاری کے حوالے سے واضح ہیں، کچھ ممالک زراعت اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، آئی ٹی برآمدات بڑھانا ہماری ضرورت ہے، ہمارے منشور میں ہمارے معاشی اہداف کی جھلک ہوگی، اس وقت اہم ہدف مہنگائی کو نیچے لانا اور ترقی کو اوپر لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ  منشور میں یہ لکھا ہوگا کہ ہم سالانہ کتنے اداروں کی نجکاری کریں گے۔

 اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ، 2013ء کی طرح معیشت کو صحیح ڈگر پر واپس لانا ہے،  اصلاحات تکلیف دہ ہوتی ہیں لیکن اس کے بہتر نتائج طویل مدتی ہوتے ہیں، اس وقت ہم بالکل واضح ہیں کہ ہمیں حکومت میں آکر کیا کرنا ہے۔

 
مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اسحاق ڈار نے عام انتخابات کے حوالے سے کہا کہ توقع ہے کہ ہمیں انتخابات میں سادہ اکثریت سے زیادہ کامیابی ملے گی، سادہ اکثریت ملنے کا یہ مطلب نہیں کہ حکومت میں دوسری جماعتوں کو شامل نہ کیا جائے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر دوسری جماعتیں چاہیں گی تو انہیں کابینہ کا حصہ بنایا جائے گا اور مختلف محکموں کیلئے بھی ان کی خدمات لی جاسکتی ہیں۔

مصنف کے بارے میں