اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ہے ۔ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی سطح پر انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عبدالرحمن مکی کا سلامتی کونسل کی پابندی کی فہرست میں شامل ہونا تکنیکی مسئلہ ہے ۔ اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے متعلقہ طریقہ کار کے تحت شامل کیا گیا ہے ۔ پاکستانی عدالت پہلے ہی عبدالرحمن مکی کو مجرم قرار دے چکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سلامتی کونسل کی فہرست سازی کے قوانین ، طریقہ کار اور اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی کے نظام کی حمایت کی ہے ۔ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے نظام کو برقرار رکھنے کیلئے قائم کردہ طریقہ کار کی سختی سے تعمیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔