بیجنگ: چین میں ایک بچہ ایک خاندان کی پالیسی کے خاتمے کے باوجود 6 دہائیوں میں پہلی بار آبادی میں کمی آئی ہے۔
چینی محکمہ شماریات کے مطابق 2022 میں چین کی آبادی میں 1961 کے بعد پہلی بار کمی ریکارڈ ہوئی۔ 2022 میں چین کی آبادی 8 لاکھ 50 ہزار افراد کی کمی کیساتھ 1.41 ارب رہی۔ گزشتہ سال چین بھر میں 95 لاکھ 60 ہزار بچوں کی پیدائش ہوئی جبکہ ایک کروڑ 4 لاکھ زیادہ شہری چل بسے۔
نیشنل پیپلز کانگریس کی زرعی و دیہی امور کمیٹی کے نائب چیئرمین نے ڈیٹا کے اجرا کے موقع پر کہا کہ 2022 میں چین میں آبادی کی تعداد عروج پر پہنچی اور ایسا توقعات سے پہلے ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کے مطابق ہمارا ملک اب آبادی کی منفی شرح کے عہد میں داخل ہوگیا ہے۔
چینی حکومت کی جانب سے کئی برسوں سے زیادہ بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے تاکہ معمر آبادی میں اضافے سے پیدا ہونے والے ممکنہ بحران کی روک تھام کی جاسکے۔ اس مقصد کے لیے جوڑوں کو زیادہ بچوں کی پیدائش پر مختلف مراعات دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔ مگر دہائیوں تک ایک بچے کی پالیسی کے نتیجے میں اب جوڑے زیادہ بچوں کو پالنے کے لیے تیار نہیں۔
چینی محکمہ شماریات کے مطابق اب بھی افرادی قوت طلب سے زیادہ ہے اور لوگوں کو آبادی میں کمی کے حوالے سے فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔ ایک تخمینے کے مطابق 2023 میں چین کی جگہ بھارت دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا۔