کپتانی کا کوئی بوجھ نہیں، فرنچائز کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا: شاہین آفریدی

07:47 PM, 17 Jan, 2022

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ کپتانی کا کوئی اضافی دباؤ نہیں ہے اور ٹیم انتظامیہ نے کپتان بنا کر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کپتانی کے باعث اضافی دباؤ کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے کپتان بناکر ان کی عزت افزائی کی ہے اور میں ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ میدان میں ضرورت پڑنے پر فیصلہ سازی میں محمد حفیظ،سہیل اختر اور دوسرے تجربہ کار کھلاڑیوں کی مدد بھی لوں گا کیونکہ ہم سب کا مقصد لاہور قلندرز کو اس بار چیمپین بنوانا ہے۔ باؤلنگ کے بعد بطور کپتان بھی ٹیم کی بہترین کیلئے اچھے فیصلے کرنے کی کوشش کروں گا۔ 
اس موقع پر لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا نے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤٔف سمیت دیگر نوجوان کھلاڑیوں کو فرنچائز کا اصل منافع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد اس پلیٹ فارم سے ایسا ٹیلنٹ تیار کرنا ہے جو مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کر سکے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی چیئرمین شپ رمیز راجہ کے پاس آنے سے حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں اور پاکستانی ٹیم کی کارکردگی بھی بہترین ہے جس کا فائدہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو بھی ہو رہا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کو قیادت سونپ کر نوجوان ٹیلنٹ کی قدر کی گئی ہے اور ہمیں ان پر بھرپور یقین ہے۔ 

مزیدخبریں