اسلام آباد: سینیٹ اجلاس میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا بل پیش کر دیا گیا جو رانا محمود الحسن نے پیش کیا۔
رانا محمودالحسن نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنایا جائے، جنوبی پنجاب کے لوگوں میں احساس محرومی ہے۔
رانا محمود الحسن نے کہا کہ میں اس ایوان سے اپنے عوام کا حق مانگ رہا ہوں۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ جنوبی پنجاب سے متعلق دو تہائی اکثریت سے بل منظور کیا ہوا ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بہاولپور جنوبی پنجاب صوبے کا بل منظور ہو چکا ہے اور کسی بھی نام سے جنوبی پنجاب کا صوبہ بنایا جائے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے پر ہم ہاتھ بڑھانے کو تیار ہیں اور اس پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنا چاہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب حقیقت اختیار نہیں کر سکا کیونکہ قانونی رکاوٹیں سامنے آتی ہیں اور آئیے مل کر راستہ تلاش کرتے ہیں جبکہ تیسری بڑی جماعت مسلم لیگ ن سے بھی بات کرتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے جنوبی پنجاب سے متعلق بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔