اسلام آباد:وزارت قانون و انصاف نے جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان نامزدگی کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا،جسٹس عمر عطاء بندیال ان ججز میں شامل ہیں جنہوں نے دوہزار سات میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کردیا تھا ۔
وزارت قانون و انصاف کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس عمر عطا بندیال دو فروری سن دو ہزار بائیس سے بطور چیف جسٹس آف پاکستان ذمہ داریاں ادا کریں گے، وزارت قانون کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کی کاپی رجسٹرار سپریم کورٹ سمیت چاروں صوبائی ہائی کورٹس کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔
جسٹس عمر عطابندیال 17 ستمبر 1958 کو لاہور میں پیدا ہوئے،پاکستان میں ابتدائی تعلیم کےبعد امریکہ کی کولمبیا یونورسٹی سے معاشیات میں بیچلرز کیا،کیمبرج یونیرورسٹی برطانیہ سے قانون کی ڈگری حاصل کی ،1983 میں بطور وکیل لاہور میں پریکٹس کا آگاز کیا ،چند سالوں بعد سپریم کورٹ کے وکیل بنے،2004 میں بطور لاہور ہائیکورٹ جج تعیناتی ہوئی،2007 میں پی سی او کے تحت حلف نا اٹھانے والوں میں بھی شامل تھے .
2014 میں سپریم کورٹ کے جسٹس تعینات ہوئے،عمر عطا بندیال کئی اہم کیسز میں بینچ کا حصہ رہے،عمران خان کو اہل صادق امین ، جہانگیر ترین کو تاحیات نا اہل کیا،نواز شریف کو پارٹی صدارت سے نا اہل قرار دینے والے بینچ میں بھی شامل رہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف ریفرنس خارج کرنے والے دس رکنی لارجر بینچ کا حصہ بھی رہے،برطرف ملازمین کی بحالی کا فیصلہ دینے والے بینچ کے سربراہ بھی رہے،ڈسکہ الیکشن دھاندلی کیس سے متعلق کیس بھی سنا،سینٹ الیکشن سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت کرنے والے بینچ کا حصہ بھی رہے۔