لاہور: وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ویکسی نیشن کے بغیر اب بچوں کو سکولوں میں آنے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ تعلیمی اداروں میں چھٹیوں سے متعلق ابھی کسی بھی طرح کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد راس کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کروایا جا رہا ہے جبکہ بچوں کی اکثریت کو ویکسین بھی لگوا دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کی سب سے بڑی وجہ سماجی سرگرمیاں ہیں اس لئے سکولوں کو بند کرنے سے پہلے دیگر سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کرنا ہوں گی تاہم 12 سال سے کم عمر بچوں کی سکولوں میں حاضری 50 فیصد کرنے کی تجویز زیر غور ہے مگر اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سکولوں کو بند نہیں کر سکتے کیونکہ پہلے ہی بچوں کا بہت نقصان ہو چکا ہے، لیکن اگر کورونا وائرس کی صورتحال خراب ہوئی تو مرحلہ وار اول تا ہشتم تک چلایا جائے گا جبکہ میٹرک سے انٹر تک طلباءکی ویکسی نیشن مکمل ہونے کی وجہ سے ان کے سکول مستقل کھلے رہیں گے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ قرآن پاک ترجمے کےساتھ پڑھانا لازمی قرار دیا گیا ہے،کچھ نجی سکول قرآن کلاسز کیلئے بچوں کو گھروں سے دوپٹے، ٹوپیاں لے کر آنے کا کہہ رہے ہیں، میری اپیل ہے کہ نجی سکول دوپٹے یا اسکارف کو اپنے یونیفارم کا حصہ بنا دیں۔
بغیر ویکسی نیشن بچوں کو سکولوں میں آنے کی اجازت نہیں ہو گی: وزیر تعلیم پنجاب
01:01 PM, 17 Jan, 2022