بھارت کے معروف کلاسیکل گلوکار استاد غلام مصطفیٰ خان انتقال کرگئے

بھارت کے معروف کلاسیکل گلوکار استاد غلام مصطفیٰ خان انتقال کرگئے
سورس: File photo

ممبئی، معروف بھارتی گلوکار استاد غلام مصطفیٰ خان انتقال کرگئے ۔ 90 سالہ کلاسیکل گلوکاراستاد غلام مصطفیٰ خان طویل عرصے سے بیمار تھے ۔ ان کا تعلق بھارتی شہر رام پور کے سہاسوان گھرانے سے تھا ۔

استاد غلام مصطفیٰ خان فالج کے مریض تھے اور ان کے جسم کا بایاں حصہ مفلوج تھا جس کا کئی ماہ سے علاج چل رہا تھا ۔وہ ممبئی کے نجی ہسپتال میں انتقال کرگئے ۔ 

استاد غلام مصطفیٰ خان نے کئی فلموں میں کلاسیکل گائیکی کا مظاہرہ کیا جبکہ متعدد فلموں کی موسیقی بھی مرتب کی ۔ انہیں بھارتی فلم انڈسٹری میں موسیقی کے میدان میں استاد مانا جاتا تھا ۔ بھارتی حکومت نے استاد غلام مصطفیٰ خان کو ان کی خدمات پر 1991 میں پدما شری، 2003 میں سنگیت ناٹک اکیڈمی ایوارڈ، 2006 میں پدما بھوشن اور2018 میں پدما وبھوشن ایوارڈ سے نوازا ۔ان کے شاگردوں میں لتا منگیشکر ، محمد عزیز ، کمارسانو، کویتا کرشنا مورتھی ،سونونگم، اے آر رحمان ،شان  سمیت کئی گلوکار شامل ہیں ۔