جلد ہی پاکستان میں عالمی وبا کے تدارک کیلئے 3 ویکسین دستیاب ہونگی، اسد عمر کا دعویٰ

09:28 AM, 17 Jan, 2021

لاہور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ جلد ہی پاکستان میں عالمی وبا کے تدارک کیلئے 3 ویکسین دستیاب ہونگی۔

اس بات کا دعویٰ انہوں نے نجی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ فروری اور اس کے بعد مارچ 2021ء میں تین ویکسین پاکستان میں آ جائیں گئی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے برطانیہ کی آکسفورڈ یونورسٹی کی دوا کی بھی منظوری دیدی ہے۔ اس سمیت دیگر دو ادویات جلد ملک میں پہنچ جائیں گی اور لوگوں کو وبائی مرض سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکوں کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

اسد عمر نے بتایا کہ یہ دوا سب سے پہلے پاکستان میں موجود طبی عملے کو لگائی جائے گی، اس کیلئے تقریباً تین لاکھ طبی عملے کو رجسٹرڈ کر لیا گیا ہے، اس کے علاوہ معمر افراد کو بھی عالمی مرض سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔

ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے حاصل ہونے والے ڈیٹا میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں مریضوں کی تعداد 8 ہزار 606، اسلام آباد میں 40 ہزار 19، خیبر پختونخوا میں 63 ہزار 339، بلوچستان میں 18 ہزار 569، پنجاب میں 1 لاکھ 49 ہزار 222، سندھ میں 2 لاکھ 34 ہزار 654 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق اب تک وبائی مرض سے 4 لاکھ 73 ہزار 639 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 1540 مریضوں نے وبائی مرض کو شکست دی۔ ملک میں مجموعی طور پر 2373 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے میں کیسز مثبت آنے کی شرح 6.1 فیصد رہی۔ ملک میں فعال مریضوں کی تعداد 34 ہزار 701 ہے۔ جبکہ ملک میں 24 گھنٹے میں 2 ہزار 521 نئے کیسز سامنے آئے۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں مرض میں مبتلا شہریوں کی تعداد 5 لاکھ 19 ہزار 291 ہو گئی ہے۔

مزیدخبریں