ہم منتخب حکومت ہیں اور فوج ساتھ ہے، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

08:24 AM, 17 Jan, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو غلط فہمی ہے کہ فوج اور حکومت ایک پیج پر نہیں، ہم منتخب حکومت ہیں اور فوج ساتھ ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے فوج سے متعلق غلط زبان استعمال کی۔ پاک فوج کے جوان اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ منتخب حکومت جو بھی ہو ہم ان کے ساتھ ہوں گے۔ ہم منتخب حکومت ہیں اور فوج ساتھ ہے۔ 

وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن کے استعفے بارے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کئی دنوں سے ایسی باتیں کر رہے تھے۔ وزیراعظم کو پتا ہوگا کہ وفاقی کابینہ کی باتیں کون لیک کرتا ہے۔ تاہم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں ڈانٹ کے دوران کسی کا نام نہیں لیا تھا۔

ملک میں جاری مہنگائی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چینی اور گھی کے علاوہ دیگر اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ حکومت نے چینی فوری امپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ عمران خان نالہ لئی پروجیکٹ بنا دیں تو میں سیاست سے ریٹائر ہو جاؤں گا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں پی آئی اے طیارے سے متعلق معلومات نہیں ہیں۔

ملک کی سیاسی صورتحال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اوپن بیلٹ سے سینیٹ الیکشن کیلئے صوبوں نے حمایت کی ہے۔ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن کیلئے انڈر گراؤنڈ تیاری کریں گی۔ الیکشن سیکرٹ ہوں یا اوپن، فائدہ عمران خان کو ہی ہوگا۔

اپوزیشن کیساتھ بات چیت کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ این آر او کیلئے مذاکرات کی گنجائش نہیں ہے۔ اپوزیشن کی طرح بند گلی میں داخل نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپوزیشن کے 19 جنوری کے احتجاج میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کریں گے تاہم اپوزشن ستم کرے گی تو ستم کریں گے۔ مولانا فضل الرحمان بپھرے ہوئے اور پچ کے باہر بیٹنگ کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں