اسلام آباد: یو اے ای کے پاکستان کیلئے مالیاتی پیکج کا پیپر ورک مکمل کر لیا گیا اور تین میں سے ایک ارب ڈالر اگلے ہفتے پاکستان کو منتقل ہونے کا امکان ہے۔
دوست ممالک یو اے ای کی طرف سے پاکستان کے لیے مالیاتی پیکیج کا پیپر ورک مکمل کر لیا گیا۔ یو اے ای سے 3 میں سے ایک ارب ڈالر اگلے ہفتے منتقل ہو جائیں گے اور 3 ارب ڈالر 3 قسطوں میں پاکستان کو دیئے جائیں گے۔ یو اے ای سے 3 ارب ڈالرکی منتقلی مارچ 2019 تک مکمل ہو گی۔
ذرائع کے مطابق یو اے ای سے ملنے والے مالیاتی پیکج پر پاکستان 3.3 فیصد منافع ادا کرے گا۔ یو اے ای پاکستان کو سعودی عرب جیسا مالیاتی پیکج فراہم کر رہا ہے۔
خیال رواں ماہ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کے مختصر دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان اور شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان اور شیخ محمد کی سربراہی میں یو اے ای اور پاکستان کے درمیان وفد کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے تھے۔