کراچی: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو وزیر اعظم اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے لفظی گولہ باری کے ذریعے میدان جنگ بنالیا ہے اور بلاول بھٹو نے وزیر اعظم کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات مضحکہ خیز ہے کہ صرف اپوزیشن ارکان کے نام ای سی ایل میں ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ حکومتی ارکان اور وزرا بیرون ملک سفر کر رہے ہیں، سلیکٹڈ وزیراعظم انسانی حقوق کی آزادی نہیں سمجھ سکتے۔ وزیراعظم اب تک 7 غیر ملکی دورے کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ اپنے سوشل میڈیا پیغام میں وزیر اعظم نے سیاستدانوں سے پوچھا ہے کہ انہیں بیرون ملک جانے میں اس قدر دلچسپی کیوں ہے۔
پاکستان میں سیاستدانوں کے کرنے کیلئے بہت کام ہیں، اس ملک میں جس سے وہ محبت کے دعوے کرتے ہیں۔ مگر وہ کثرت سے بیرون ملک دوروں سے نہیں روکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے ارکان اسمبلی اقامے اور بیرون ملک رہائش رکھتے ہیں، وزیراعظم نے سوال کیا کوئی شخص اس معاملے پر وضاحت کرسکتا ہے؟
یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم عمران خان کو اپنے سیاسی جلسوں میں متعدد مرتبہ چچا کہہ کر مخاطب کرچکے ہیں۔