لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے کہا ہے کہ اللہ نے ہمارے قائد نوازشریف کو سرخرو کر دیا ہے اور سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ بہت جلد نواز شریف اور شہباز شریف قید سے باہر عوام میں ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے کوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں 2020 میں دوبارہ مینڈیٹ کے لیے پیش ہونگے اور یہ خود بھاگ جائیں گے. انہوں نے لوگوں کو انڈوں والا کام بتایا اور مشینوں والا اصل کام صرف علیمہ باجی کو بتایا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ایشو پاکستان کا ہے اور ہمیں ڈر ہے یہ گاڑی کھڈے میں نہ گرا دیں کیونکہ ہم حکومت کو گرانا نہیں چاہتے مگر یہ خود گریں گے۔
امیر مقام نے کہا کہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں سے ہماری بے گناہی ثابت ہو رہی ہے۔
کوٹ لکھپت جیل میں آج سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کا دن ہے جس کے لئے مسلم لیگ ن کے مختلف رہنماؤں کی کوٹ لکھپت جیل آمد کا سلسلہ جاری ہے۔