سوزوکی نے بھارت میں نئی ویگن آر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا

 سوزوکی نے بھارت میں نئی ویگن آر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا
کیپشن: سوزوکی نے ویگن آر گاڑی کو سب سے پہلے 1999ء میں متعارف کرایا تھا۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

نیو دہلی: گاڑیاں بنانے والی مشہور کمپنی  سوزوکی نے نئی ویگن آر کو مارکیٹ میں متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔سوزوکی نے ویگن آر گاڑی کو سب سے پہلے 1999ء میں متعارف کرایا تھا جو پاکستان میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیوں میں سے ایک ہے۔ اس کا نیا ورژن 23 جنوری کو بھارت میں متعارف کرایا جا رہا ہے جس کی بکنگ کا سلسلہ ابھی سے شروع ہو گیا ہے۔ کمپنی کی ویب سائٹ پر ای بکنگ کا آپشن بھی موجود ہے اور اس گاڑی کا نیا ورژن پاکستان میں کب تک آئے گا  اس بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے۔

کمپنی کے مطابق نئے انجن کی بدولت گاڑی پہلے سے زیادہ طاقتور اور کارکردگی متاثر کن ثابت ہو گی جبکہ ایندھن کا استعمال بھی کم ہو گا۔ سوزوکی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس گاڑی کو بھارت میں گیارہ ہزار روپے کے عوض بک کرایا جا سکتا ہے جبکہ نئی ویگن آر میں پہلے سے زیادہ بہتر انجن دیا گیا ہے۔ اس گاڑی کو کمپنی نے تحفظ کے لیے پہلے سے زیادہ مستحکم، مضبوط اور محفوط قرار دیا ہے۔

 

نئی گاڑی میں مسافروں کے تحفظ کیلئے نئے فیچرز دیئے جا رہے ہیں جن میں اینٹی لاک بریکنگ سسٹم، الیکٹرونک بریک فورس ڈسٹری بیوشن، فرنٹ سیٹ ریمائنڈر، اسپیڈ الرٹ سسٹم اور رئیر پارکنگ سنسرز قابل ذکر ہیں۔

سوزوکی کی جانب سے ویگن آر میں سمارٹ پلے سٹوڈیو انفوٹینمنٹ بھی فراہم کیا جائے گا جو مسافروں کو گانے سننے کے ساتھ خبروں کی تلاش، موسم کے حال اور کھانے پینے کے مقامات ڈھونڈنے میں مدد بھی فراہم کرے گا۔

بھارت میں تھرڈ جنریشن ویگن آر کی قیمت ساڑھے 4 لاکھ سے ساڑھے 5 لاکھ بھارتی روپے (8 لاکھ 88 ہزار پاکستانی روپے سے 10 لاکھ 85 ہزار پاکستانی روپے) میں فروخت کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔