اسلام آباد: ایف بی آر نے اسمگل شدہ فونز کے حوالے سے پالیسی دیدی جس پر 16 جنوری سے عمل ہو گا۔ پالیسی کے مطابق تمام اسمگل شدہ موبائل فون ٹیکس دے کر کلیئر ہو سکیں گے۔
ایف بی آر کے نوٹی فیکیشن کے مطابق 16 جنوری سے تمام اسمگل شدہ موبائل فونز کو تمام ڈیوٹی اور ٹیکسوں دینا ہوں گے۔ ٹیکس پر دس فیصد جرمانے کی ادائیگی بھی کرنا پڑے گی۔
ٹیکس، ڈیوٹی اور جرمانہ ادا کرنے پر موبائل واپس مل سکے گا۔ غیر قانونی موبائل فونز پر کم سے کم اڑھائی سو روپے فکس سیلز ٹیکس عائد ہو گا جبکہ زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ ہزار روپے کا فکس ٹیکس پڑے گا۔
اس کے علاوہ ایڈوانس سیلز ٹیکس، ایڈوانس انکم ٹیکس اور دیگر ٹیکس دینا ہوں گے۔ غیر قانونی فون پر 15 سے 20 فیصد ڈیوٹی اور ٹیکس بنتے ہیں۔
حکام کے مطابق ٹیکس کی مجموعی رقم کے دس فیصد کے برابر جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔ اب صرف پی ٹی اے کی منظور کردہ اقسام کے موبائل فون سیٹ استعمال ہو سکیں گے۔ پندرہ جنوری کے بعد صارفین اور درآمد کنندگان کے غیر قانونی موبائل فون پکڑے جائیں گے۔