پاکستان عوامی تحریک لاشوں پر سیاست کرنا چاہتی ہے : دانیال عزیز

08:59 PM, 17 Jan, 2018


اسلام آباد:وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک لاشوں پر سیاست کرناچاہتی ہے،فارورڈ بلاک کی باتیں کرنے والے ثابت کریں یا پھر قوم سے معافی مانگیں ان لوگوں کے منہ میں خاک کون ڈالے گا؟ پہلے یہ دو کزن تھے اب تین ہو گئے ہیں اورجلدہی ایک درجن ہوجائیں گے،پاکستان مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جوملک کی معیشت کو تقویت دے سکتی ہے معاشی پہیہ چلانے مہنگائی اور بیروز گاری کا خاتمہ کرنا اور انفراسٹرکیچر کی ترقی اس کا کارنامہ ہے۔


پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے دانیال عزیز نے کہاکہ 70سالہ پاکستانی تاریخ میں پہلی بارالیکشن کے ذریعے ایک حکومت نے دوسری حکومت کو اقتدار منتقل کیاہے اس وجہ سے کچھ لوگوں کے پیٹ میں مڑور اٹھ رہے ہیں گذشتہ حکومت کے دور میں الیکشن روکوانے کے لیے پانچ جماعتوں نے معائدہ کیا اورسیاست نہیں ریاست کو بچاؤ کا نعرہ لگایا نعرہ لگانے والوں میں کسی کاایک بھی کونسلر نہیں تھا اور اب بھی ان کے وہی عزائم ہیں مگر نعرہ احتساب کا لگارہے ہیں نواز شریف کا نام پانامہ میںنہیں تھا مگر اس کے باوجود اقامہ کو بنیاد بناکر نااہل کیاگیا ۔


انہوں نے کہا کہ ہم سن رہے ہیں کہ احتجاج کا سلسلہ مرحلہ وار ہو گا پہلے ایک جماعت آئے گی اوراسکے جانے کے بعد دوسری جماعت احتجاج میں شامل ہوگی ۔عوام سارا تماشہ دیکھ رہی ہے معاشی پہیہ چلانے کیلئے ن لیگ نے دن رات کام کیا اور اب اس کوروکنے کی کوشش کی جارہی ہے تاریخ میں اتنے زیادہ میگاواٹ بجلی پیدا نہیں ہوئی ن لیگ واحد جماعت ہے جو معیشت کو بہتر کر سکتی ہے اپوزیشن کی طرف سے کہا گیا کہ 40لوگوں کا فارورڈ بلاک بن گیااب فارورڈ بلاک ثابت کریں یا پھر قوم سے معافی مانگیں ان لوگوں کے منہ میں خاک کون ڈالے گا۔بلوچستان میں لڈو اور سانپ کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں