سینچورین: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اب تک کئی ریکارڈز قائم کرچکے ہیں اور اب وہ سابق ویسٹ انڈین کرکٹر برائن لارا کو پیچھے چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔
سوپر اسپورٹس پارک سینچورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے 153رنز کی اننگز کھیلی۔یہ 29 سالہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی 65ویں ٹیسٹ میچ میں 21ویں اور مجموعی طور پر انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کی 53 ویں سینچری ہے۔دائیں ہاتھ کے بیٹسمین کوہلی 202 ون ڈے میچز میں بھارت کے لئے 32سینچریاں بنا چکے ہیں.یوں مجموعی طور پر 53 انٹرنیشنل سینچریوں کے ساتھ کوہلی اب ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا کے ہم پلہ بن گئے ہیں۔ویرات کوہلی مزید ایک سنچری داغ کر انٹرنیشنل سنچریوں کی تعداد میں برائن لارا کو پیچھے چھوڑ دیں گے البتہ انہیں سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے کے لیے جان توڑ محنت کرنی پڑے گی۔
اگر انٹرنیشنل سینچریوں کی تعداد کو دیکھا جائے تو 100انٹرنیشنل سنچریوں کے ساتھ بھارت کے سچن ٹنڈولکر پہلے اور آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ 71سینچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔سری لنکا کے کمار سنگا کارا اس فہرست میں 63سینچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر جب کہ جنوبی افریقہ کے جیک کیلس 62سینچریوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔پانچویں نمبر پر مشترکہ طور پر سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ ہیں جنھوں نے 54،54سنچریاں بنا رکھی ہیں۔