بزرگ پنشنرز کو ڈبل پنشن کے واجبات کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ، پنجاب حکومت

12:24 PM, 17 Jan, 2018


لاہور : پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ بزرگ پنشنرز کو ڈبل پنشن کے واجبات کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو گیا اور بہت جلد بزرگ پنشنرز کو ان کے واجبات ادا کر دیئے جائیں گے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سیدمنصور علی شاہ نے بزرگ پنشنرز کی درخواست پر سماعت کی جس میں بزرگ پنشنرز کو ڈبل پنشن کے واجبات ادا نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔ 

سماعت کے دوران پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ نو ارب روپے کی رقم بزرگ پنشنرز کو ادائیگیاں کرنے کے لئے مختص کی گئی تھی،پچاسی سال سے زائد عمر کے 22 ہزار 700 بزرگ پنشنرز کو6 ارب روپے کی رقم کی ادائیگیاں کر دی گئی ہیں۔سرکاری وکیل کے مطابق 9 ارب روپے میں سے باقی 2 ارب روپے کی رقم 75سے 80سال کی عمر کے بزرگ پنشنرز کو ادا کئے جائیں گے۔

لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ خزانہ کے موقف کی روشنی میں مزید کارروائی 24 جنوری تک ملتوی کر دی اور بزرگ پنشنرز کو ڈبل پنشن کی ادائیگی کے معاملے پر پیش رفت سے آگاہ کرنے کا حکم دیا۔

مزیدخبریں