لاہور:مال روڈپر متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے پیش نظر سٹی ٹریفک پولیس نے متباد ل ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتجاج کے باعث لاہور کے شہریوں کو پریشانی سے بچانے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے ایس پی ٹریفک سٹی اور صدر ڈویژن کی نگرانی میں متبادل پلان جاری کیا گیا جس کے مطابق 5 ڈی ایس پی اور 20 انسپکٹر کو تعینات کیا جائے گا جبکہ 8 فوک لفٹر،3 بریک ڈاﺅنز،2 سپیشل سکواڈ مال روڈ پر رہیں گے۔اس کے علاوہ ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے 513 وارڈنز اور 24 لیڈی وارڈنز بھی مال روڈ پر تعینات رہیں گے۔
سٹی ٹریفک پولیس آفیسر رائے اعجاز نے کہا کہ ایوان تجارت روڈ،ناصر باغ اور لارنس روڈ کو پارکنگ کے لئے مختص کیا گیا ہے جبکہ شہری ڈائیورشن پوائنٹس پر وارڈنز سے رہنمائی حاصل کریں۔رائے اعجاز کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو موبائل ایپ اور ایف ایم 88.6 سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے گا جبکہ شہری مزید رہنمائی ہیلپ لائن15 پر کال کرکے حاصل کرسکتے ہیں۔جلسے کے شرکاءسے درخواست کی گئی ہے کہ ایمبولینس اور ایمرجنسی گاڑیوں کو فوری راستہ دیں۔
سی ٹی او نے پلان کے بارے مزید آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ نہر مال پل سے آنے والی ٹریفک کو گورنر ہاﺅس چوک سے چائنہ چوک بھجوایا جائے گا جبکہ چائنہ چوک سے ٹریفک براستہ گنگا رام چوک،صفانوالہ چوک،مزنگ اڈا جاسکے گی۔
گورنرہاﺅس سے کسی قسم کی ٹریفک آواری چوک کی طرف نہیں جاسکے گی، انہوں نے کہا کہ پی ایم جی چوک سے آنےوالی ٹریفک انارکلی چوک سے لکشمی چوک بھجوائی جائے گی۔ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے پلان کے مطابق ٹریفک شملہ پہاڑی سے فلیٹز،ڈیوٹی فری شاپ،کوپرروڈ اوربیڈن روڈ کی طرف جاسکے گی۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹریفک کیلئے مندرجہ ذیل متبادل روڈز کا استعمال کیا جائے اور کسی بھی قسم کی دشواری سے بچنے کیلئے گنگا رام چوک سے صفاں والاچوک،مزنگ اڈا،اےجی آفس، جین مندرروڈ کا استعمال کیا جائے۔