انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں ،اب انہیں کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی: عطا اللہ تارڑ

انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں ،اب انہیں کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی: عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور اب انہیں کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے بتایا کہ منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور گجرات میں انسانی اسمگلنگ کا مسئلہ سنگین ہے، اور حالیہ کشتی حادثات میں سینکڑوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن کے لواحقین اپنے پیاروں کے جنازوں کا انتظار کر رہے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں اصلاحات کی جا رہی ہیں اور سمگلرز کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اب تک 436 اسمگلرز گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے اس مسئلے کے خلاف بھرپور ایکشن لیا ہے، جس میں اسمگلرز کی جائیدادیں ضبط کرنا اور ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنا شامل ہے۔

وزیر اطلاعات نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں کی جانے والی اصلاحات اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اہم قدم ہیں، اور منظم اسمگلنگ گینگز کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔

مصنف کے بارے میں