لاہور:محکمہ موسمیات نے 19 سے 21 فروری کے دوران مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 19 اور 20 فروری کے دوران گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، پشاور، چارسدہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 18 اور 19 فروری کو بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ اور زیارت میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد اور ملتان کے مختلف حصوں میں بھی 19 فروری کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اسی دوران، بالائی خیبر پختونخوا، پنجاب اور کشمیر میں بعض علاقوں میں ژالہ باری کا امکان بھی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید برفباری کی وجہ سے مری، گلیات، ناران اور کاغان کی سڑکوں کے بند ہونے کا خطرہ ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ مزید برآں، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے۔ سیاحوں کو بارش اور برفباری کے دوران محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔