اسلام آباد:پاکستان میں کاروباری اداروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے، مگر ملک کی سیاسی صورتحال اور اقتصادی سمت کے بارے میں خدشات ابھی بھی موجود ہیں۔ گیلپ پاکستان کی تازہ ترین بزنس کانفیڈنس انڈیکس 2024 کی چوتھی سہ ماہی کی رپورٹ کے مطابق، 55 فیصد کاروباری اداروں نے کہا کہ ان کے کاروبار اس وقت اچھے یا بہت اچھے چل رہے ہیں، جو پچھلے چھ ماہ میں 10 فیصد بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، خراب کاروباری حالات کا تاثر دینے والے اداروں کی تعداد میں 7 فیصد کمی آئی ہے، لیکن مینوفیکچرنگ سیکٹر میں کم اعتماد ابھی بھی برقرار ہے، جبکہ دیگر شعبوں جیسے خدمات اور تجارت میں اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ، 60 فیصد کاروباری اداروں نے مستقبل کے بارے میں مثبت توقعات کا اظہار کیا ہے، جب کہ 40 فیصد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
گیلپ رپورٹ میں کہا گیا کہ مہنگائی میں کمی، معاشی استحکام اور شرح سود میں کمی نے کاروباری مایوسی میں کمی لائی ہے۔ تاہم، سب سے اہم مسئلہ اب بھی کمر توڑ مہنگائی ہے جو صارفین کی قوت خرید پر اثرانداز ہو رہی ہے، اور 30 فیصد کاروباری ادارے حکومت سے اس کا حل چاہتے ہیں۔