کیلیفورنیا :یوٹیوب نے اپنے ویڈیو شارٹس بنانے کے لیے ایک نیا مصنوعی ذہانت (اے آئی) فیچر متعارف کرایا ہے، جس میں گوگل کے ڈیپ مائنڈ کے جدید ویو 2 اے آئی ماڈل کو ڈریم اسکرین فیچر کے ساتھ ضم کیا گیا ہے۔
کمپنی نے اپنے بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اس نئے ویڈیو جنریشن ماڈل کی مدد سے صارفین اب مصنوعی ذہانت کے ذریعے ویڈیو کلپس تیار کر سکیں گے، جنہیں یوٹیوب شارٹس ویڈیوز میں شامل کیا جا سکے گا۔ یہ ٹول خاص طور پر ایسے کلپس بنانے کے لیے مفید ہے جو تخیل کو حقیقت میں بدلنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈریم اسکرین پہلے صرف تخلیق کاروں کو اے آئی کے ذریعے ویڈیو پس منظر شامل کرنے کی اجازت دیتا تھا، لیکن اب یوٹیوب شارٹس میں بھی اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز بنانے کا آپشن موجود ہو گا۔
اس فیچر کی مدد سے صارفین "ٹیکسٹ ٹو ویڈیو جنریٹر" کی شکل میں آسانی سے اپنے خیال کو ویڈیو کی شکل دے سکیں گے، جس کا تخلیق کا کام ویو 2 اے آئی ماڈل کرے گا۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مقصد تخلیق کاروں کو ویڈیوز بنانے میں مزید سہولت فراہم کرنا ہے، جس سے وہ اپنے خیالات کو شارٹس میں حقیقت میں بدل سکیں گے۔