اسلام آباد: سینیٹ نے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا بل متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے کی، جہاں سینیٹر دنیش کمار نے اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کا بل پیش کیا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اس موقع پر کہا کہ جو اراکین تنخواہیں نہیں لیتے، انہیں اپنا نام درج کروا دینا چاہیے، اور جن اراکین کو تنخواہوں میں اضافے پر اعتراض ہے، وہ بھی اپنا نام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبوں میں بھی ایسا ہی عمل کیا گیا ہے۔
اجلاس میں انکم ٹیکس ترمیمی بل 2025 بھی پیش کیا گیا، جسے حکومت کی مخالفت کے باوجود متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔
مزید برآں، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مینٹل ہیلتھ آرڈیننس 2001 میں ترمیم کا بل پیش کیا، جسے بھی قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔