اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں صرف 12 منٹ کے دوران متعدد اہم بلز منظور کرالیے گئے، جب کہ اپوزیشن ممبران احتجاج کرتے رہے۔
کورم کی نشاندہی کے بعد گنتی کی گئی اور ایوان کا کورم پورا نکلا۔ اس دوران سول سرونٹ ترمیمی بل 2025 قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا گیا، جسے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی میں پیش کیا۔
پاکستان کوسٹ گارڈ ترمیمی بل 2024، انسانی سمگلنگ کی روک تھام ترمیمی بل 2025، اور امیگریشن ترمیمی بل 2025 بھی ایوان سے منظور ہو گئے۔
قبل ازیں، اپوزیشن رکن جمشید دستی نے قومی اسمبلی اجلاس میں کورم کی نشاندہی کی، جس پر گنتی کی گئی، اور کورم پورا نکلا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ انہیں یہ کہا جاتا ہے کہ وہ پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کرتے، تاہم انہوں نے 11 اراکین کے پروڈکشن آرڈر ایک ساتھ جاری کرنے کی بات بھی کی۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ "اب میں قانون کے مطابق چلوں گا اور بولنے نہیں دیا جانے کے الزامات کا جواب دوں گا۔"