نندیتا داس کی پاکستان آمد، فیض فیسٹیول میں شرکت پر خوشی کا اظہار

نندیتا داس کی پاکستان آمد، فیض فیسٹیول میں شرکت پر خوشی کا اظہار

لاہور: بھارتی اداکارہ، ہدایت کارہ، پروڈیوسر اور لکھاری نندیتا داس نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اداکاری کا کوئی شوق نہیں تھا، بلکہ وہ حادثاتی طور پر فلم انڈسٹری کا حصہ بنیں۔

فیض فیسٹیول لاہور میں ایک سیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نندیتا داس نے کہا کہ انہیں ہدایت کاری میں زیادہ دلچسپی ہے کیونکہ اس میں تمام فنی پہلوؤں کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا تعلق ایک روشن خیال گھرانے سے تھا اور انہوں نے سوشیالوجی میں ماسٹرز کرنے کے بعد مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اسٹریٹ تھیٹر میں کام کیا، لیکن اداکاری کی طرف کبھی راغب نہیں ہوئیں۔

نندیتا داس نے کہا کہ انہیں 1996 میں فلم "فائر" میں کام کی پیشکش ہوئی، اور کہانی پڑھنے کے بعد انہوں نے فلم میں کام کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد وہ 40 سے زائد فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ کسی بھی فلم میں کردار کی بجائے کہانی کو ترجیح دیتی ہیں اور ہدایت کار کے بارے میں بھی یہ دیکھتی ہیں کہ آیا وہ کہانی کے ساتھ انصاف کر پائیں گے یا نہیں۔

نندیتا داس نے پاکستان آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ 5 سال بعد دوبارہ پاکستان آئی ہیں اور انہیں یہاں ہمیشہ خوش آمدید کہا جاتا ہے۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ "مجھے پاکستان آنے کے بہانے چاہیے ہوتے ہیں، اور میں بہانہ بنا کر آ جاتی ہوں۔"

واضح رہے کہ نندیتا داس 1996 میں پہلی بار پاکستان آئی تھیں اور اس کے بعد کئی ادبی فیسٹیولز میں شرکت کر چکی ہیں، جہاں انہیں ان کی فلموں اور کرداروں کی وجہ سے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔