" جلاؤ گھیراؤ کے بجائے ملک کی ترقی میں حصہ لیں":مریم نواز کا نوجوانوں کے لیے پیغام

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے "آسان کاروبار پروگرام" کا آغاز کرتے ہوئے نوجوانوں کو جلاؤ گھیراؤ کی سیاست سے گریز کرنے اور ملک کی ترقی میں شامل ہونے کی ہدایت دی۔ لاہور میں اس پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی تقسیم کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کو ملک کی ترقی میں شریک ہونا چاہیے، کیونکہ جلاؤ گھیراؤ سے نہ تو مسائل حل ہوں گے اور نہ ہی ملک ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک بلاسود قرضے دیے جا رہے ہیں، جن کی واپسی 3 سال میں آسان اقساط پر ہوگی۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ درخواستوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، جن میں سے 1 لاکھ 85 ہزار درخواستیں 10 لاکھ کے قرضے کے لیے آئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام آ چکا ہے اور مہنگائی میں کمی آئی ہے، جبکہ پنجاب میں آٹا سستا ہے اور روٹی کی قیمت بھی معقول رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں نالائقی اور بے حسی نے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچایا، اور عالمی سرمایہ کار پاکستان چھوڑ کر چلے گئے۔

مصنف کے بارے میں