لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جب آئینہ دکھایا گیا تو وہ برا مان گئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں تمام بڑے پروجیکٹس وفاق کی مدد سے چل رہے ہیں اور جو جماعت 16 سال سے کراچی کے کچرے کی صفائی تک نہیں کر سکی، وہ ہمیں لیکچر دینے کی کوشش نہ کرے۔
عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کی جانب سے شعلہ انگیز بیانات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب ہم جواب دیتے ہیں تو آپ خفا ہو جاتے ہیں، لیکن آپ کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیز بیانات دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کو سیاست سے گریز کا دعویٰ ہے تو پھر ہر معاملے میں چچا اور بھتیجی کا ذکر کرنا سیاست نہیں تو کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ سندھ میں عوام نے سکولوں، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولتوں کی کمی کے بارے میں سالوں سے شکایتیں کی ہیں، اور ان مسائل کا حل ابھی تک نہیں نکالا جا سکا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں ایک سال میں مکمل ہونے والے منصوبوں کی مثالیں دی جا سکتی ہیں، اور اگر آپ صفائی اور خوبصورت سڑکوں کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں تو لاہور کا دورہ کریں۔