پشاور:متحدہ علماء بورڈ خیبر پختونخوا نے افغانستان کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ چیئرمین علماء بورڈ نے کہا کہ امن و امان کی بہتری کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء اس بات پر متفق ہیں کہ پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی معاملات، روایات اور نظریات کا احترام ضروری ہے تاکہ دونوں ممالک میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہو سکے۔ ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی۔
خیبر پختونخوا حکومت نے افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے ٹی او آرز تیار کر لیے ہیں۔ گزشتہ روز پشاور میں ہونے والے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے افغانستان کے ساتھ حکومتی سطح پر مذاکرات جلد شروع کیے جائیں گے۔