اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف کیس کی جلد سماعت کے لیے عدالت سے درخواست کر دی ہے۔
پریس کانفرنس میں پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جعلی مینڈیٹ کے ذریعے 26ویں ترمیم منظور کرائی، اور پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ اس کیس کی سماعت فوری طور پر کی جائے تاکہ تمام ججز اس پر فیصلہ کریں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری تھی کہ وہ ہمارے مینڈیٹ کا تحفظ کرتا۔ ہمارا مؤقف یہ ہے کہ ہمیں اپنے مینڈیٹ کو واپس لینے کا حق حاصل ہے، کیونکہ جمہوریت میں عوام کا مینڈیٹ اور ووٹ ہی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی اور ہم آگے بڑھنا چاہتے تھے، لیکن حکومت نے مذاکرات سے گریز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی بھی وقت ہے کہ حکومت دانشمندانہ فیصلے کرے جو ملک کے مفاد میں ہوں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عمران خان نے سابق وزیراعظم کی حیثیت سے آرمی چیف کو ایک خط لکھا تھا، جس میں عوام کے جذبات کا اظہار کیا گیا تھا۔ اس خط میں کہا گیا تھا کہ عوام اور فوج کے درمیان خلیج پیدا نہیں ہونی چاہیے، لیکن اس پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔