ایلون مسک نے "گروک 3" چیٹ بوٹ متعارف کرانے کا اعلان کر دیا

02:25 PM, 17 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

ٹیکساس : ایلون مسک، سپیس ایکس کے بانی اور ٹیسلا کے مالک، نے اپنے نئے چیٹ بوٹ "گروک 3" کا اعلان کر دیا ہے، جو چیٹ جی پی ٹی کا طاقتور حریف بن سکتا ہے۔

 دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ سے ویڈیو کال کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ایلون مسک نے گروک 3 کی جدید صلاحیتوں کو اجاگر کیا اور کہا کہ تجربات کے دوران اس نے موجودہ تمام چیٹ بوٹس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ مسک نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ گروک 3 کی رونمائی کی تقریب امریکی وقت کے مطابق آج (بروز پیر) رات 8 بجے کی جائے گی۔

ایلون مسک کی کمپنی "ایکس اے آئی" نے اس سے قبل گروک 2 ماڈل بھی متعارف کرایا تھا، جو تصاویر تخلیق کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا، اور بعد ازاں اسے تصاویر کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت بھی دی گئی تھی۔

یہ بھی یاد رہے کہ ایلون مسک کی سربراہی میں ایک سرمایہ کار گروپ نے اوپن اے آئی کے غیر منافع بخش اثاثے خریدنے کے لیے 97.4 بلین ڈالر کی پیشکش کی تھی، جو مصنوعی ذہانت کی اس دنیا کی اہم کمپنی کے خلاف مسک کا ایک اور اقدام تھا۔

مزیدخبریں