پاکستانی شہری کی محبت میں مبتلاامریکی خاتون کو دبئی میں حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا

09:23 AM, 17 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

کراچی: امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن جو پاکستانی لڑکے کی محبت میں مبتلا ہو کر کراچی میں تقریباً 4 ماہ تک مقیم رہیں، حال ہی میں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے دبئی کے راستے امریکا روانہ ہوئیں تھیں، لیکن دبئی پہنچنے کے بعد انہوں نے اپنی پرواز چھوڑ دی اور وہاں رک گئیں۔

7 فروری کی رات اونیجا نے دبئی کے لیے پرواز ای کے 603 سے روانہ ہو کر دبئی پہنچیں، جہاں انہیں حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا۔ خاتون کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد امریکی حکام حرکت میں آئے اور انہوں نے دبئی حکام سے رابطہ کیا جس کے بعد اونیجا کی آمدورفت محدود کر دی گئی۔ ان کی فیملی نیویارک میں ان کے پہنچنے کا انتظار کر رہی تھی، لیکن وہ نہ پہنچیں جس کے بعد امریکی حکام نے خاتون کی تلاش شروع کر دی۔

دبئی میں خاتون کا ویزا وزٹ ویزا تھا، اور انہوں نے کسی قانونی خلاف ورزی کا ارتکاب نہیں کیا، جس کی وجہ سے انہیں زبردستی امریکا بھیجنا مشکل ہو گیا ہے۔ اس وقت اس بات کا سامنا ہے کہ خاتون کو اگلے سفر کے لیے راضی کر کے ہی امریکا روانہ کیا جا سکتا ہے، کیونکہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کوئی ائیر لائن یا پائلٹ انہیں طویل پرواز پر لے جانے پر آمادہ نہیں۔

مزیدخبریں