لیاقت چٹھہ کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے: مسلم لیگ ن کا مطالبہ

06:19 PM, 17 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانے والے راولپنڈی کے کمشنر لیاقت علی چٹھہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا جائے اور ان کے خلاف تحقیقات کی جائے۔

 لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ انتخابات کا انعقاد کمشنر کی نہیں بلکہ ریٹرنگ افسران اور ڈپٹی ریٹرنگ افسران کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 'کمشنر نہ تو ریٹرنگ افسر ہوتا ہے اور نہ ہی ڈپٹی ریٹرنگ افسرہوتا ہے۔'

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ کسی امیدوار کو بھی 50 ہزار ووٹ کی لیڈ سے نہیں جتوایا گیا۔ کمشنر کے پاس ایسا کوئی اختیار موجود نہیں ہوتا جو انھیں الیکشن کے نتائج کی تیاری تک رسائی دے۔

ن لیگ کی رہنما نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ لیاقت علی چٹھہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے اور 'ان کے پورے ریکارڈ کو اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات کرےکہ وہ کن لوگوں کے ساتھ رابطے میں تھے اور ان کی روز مرہ کی مصروفیات کیا تھیں۔

خیال رہے راولپنڈی ڈویژن کے کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے ڈویژن میں ’70، 70 ہزار کی لیڈ‘ سے ہارنے والے امیدواروں کو مبینہ طور پر جعلی مہریں لگا کر جتوایا گیا ہے۔

مزیدخبریں