پی ایس ایل 9: لاہور میں پہلا میچ، ٹریفک ایڈوائزری جاری، سیکیورٹی ہائی الرٹ

11:43 AM, 17 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کی ہوٹل سے قذافی اسٹیڈیم پریکٹس جانے کےلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری۔ پولیس افسران و اہلکار فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے میچوں کی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کے مطابق  مال روڈ سے قذافی اسٹیڈیم تک ہیوی اور سلومونگ گاڑیوں کی ڈائیورشن ہوگی، کم سےکم وقت کےلئے روڈز کو ٹریفک کیلئے بند رکھا جائے گا۔


عمارہ اطہر نے ہدایت جاری کی کہ شہری مال روڈ،  کینال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ روڈ، اور فیروز پور روڈ پر غیر ضروری سفر نہ کریں۔

دوسری جانب سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت اجلاس میں پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے میچوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں پی ایس ایل سیزن 9 کے تحت 9 میچ کھیلے جائیں گے جس کے لیے 7 ہزار سے زائد افسران و اہلکار میچوں کی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔

سی سی پی او لاہور  کا کہنا ہے کہ پولیس پی ایس ایل میچز کی جامع سیکیورٹی پلان پر عمل پیرا ہے، ملکی و غیرملکی کرکٹرز اور شائقین کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔

بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ پُرامن اور محفوظ ماحول میں میچوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا، پی ایس ایل میچز کے دوران شہر بھر کی سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔

مزیدخبریں