پی ایس ایل9 کا میلہ آج سجے گا,  لاہور قلندر اور اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے میچ میں مدمقابل ہوں گی

11:35 AM, 17 Feb, 2024

لاہور: شائقین کرکٹ کا انتظار ختم ہوگیا،پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) سیزن 9 کا میلہ آج سے سجے گا،  لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں ایونٹ کے پہلے میچ میں مدمقابل ہوں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب 17 فروری بروز ہفتہ شام ساڑھے 6 بجے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔ شائقین کرکٹ کا داخلہ ساڑھے 3 بجے شروع ہو جائے گا۔ افتتاحی تقریب میں آتش بازی اور لیزر شو کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جبکہ اس موقع پر  گلوکار علی ظفر، آئمہ بیگ، عارف لوہار اور نوری بینڈ پرفارم کریں گے۔ 

اس کے بعد لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں ایونٹ کے پہلے میچ میں مدمقابل ہوں گی۔

  پی سی بی  نے  پی ایس ایل  9 کا آفیشل ترانہ  بھی  ریلیز کردیا ہے۔پی ایس ایل 9 کا ترانہ " کھل کے کھیل " معروف گلوکار علی ظفر نے گایا ہے، جس میں ان کے ساتھ گلوکارہ آئمہ بیگ نے بھی آواز کا جادو جگایا ہے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 9 میں 6 ٹیموں کے درمیان دو مرحلوں پر مشتمل 34 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں