پی ایس ایل، ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 56 رنز سے شکست دیدی

پی ایس ایل، ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 56 رنز سے شکست دیدی

ملتان: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 5 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے بیٹنگ اور باؤلنگ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت پشاور زلمی کو 56 رنز سے شکست دیدی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے کپتان محمد رضوان اور ریلی روسو کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ 
محمد رضوان نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 9 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 66 رنز بنائے جبکہ ریلی روسو نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے صرف 36 گیندوں پر 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں شان مسعود 20، ڈیوڈ ملر 23 اور کیرون پولارڈ 15 رنز بنا سکے۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے سلمان ارشاد سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 38 رنز کے عو ض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سفیان مقیم نے 1 وکٹ حاصل کی۔ 
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 18.5 اوورز میں صرف 154 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محمد حارث 23 گیندوں پر 4 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 40 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ بابراعظم 9، صائم ایوب 53، ٹام کوہلر کیڈمور 3، روومین پاول 23، بھنوکا راجاپاکسا 1، جیمی نیشام 12، وہاب ریاض 1، خرم شہزاد 2 اور سفیان مقیم 4 رنز بنا سکے۔ 
ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کے ساتھ نمایاں باؤلر رہے جنہوں نے 3.5 اوورز میں 24 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کارلوس بریتھ ویٹ 1 کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 

مصنف کے بارے میں