اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ کمیشن کسی سے ڈکٹیشن نہیں لے رہا بلکہ اپناکام آئین، قانون اور اپنے مینڈیٹ کے تحت خوش اسلوبی سے انجام دے رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان ای سی پی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مکمل غیر جانبدارانہ، بلا خوف و خطر اور آزادانہ طور پر انجا م دیتا ہے اور یومیہ بنیاد پر تشکیل کردہ بنچوں کے ذریعے اب تک سینکڑوں پٹیشنز کا فیصلہ کر چکا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مدت ختم ہونے کے بعد سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کا کامیاب انعقاد کیا، سینیٹ کے 5، نیشنل اسمبلی کے 19اور صوبائی اسمبلیوں کے 40 حلقہ جات پر ضمنی انتخابات کا پرامن انعقاد یقینی بنایاہے۔
ترجمان ای سی پی نے بتایا کہ الیکشن کمیشن اب بھی 65 نیشنل اسمبلی کے حلقہ جات پر انتخابات کرا رہا ہے، عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا کام کامیابی سے مکمل کیا گیا، انتخابی فہرستوں کو نئے سرے سے مرتب کرنا بہت بڑا کام تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کمیشن نے انتخابی فہرستوں پر ملک بھر میں نظر ثانی کر کے 7اکتوبر کو شائع کر دیں، انتخابی فہرستیں آئندہ عام انتخابات کیلئے اپ ڈیٹ کی گئیں۔
الیکشن کمیشن کسی سے ڈکٹیشن نہیں لے رہا بلکہ اپنا کام آئین و قانون کے مطابق کر رہا ہے: ترجمان
07:31 PM, 17 Feb, 2023