لندن :برطانوی ملکہ الزبتھ نے اپنے جسم کی نقل و حرکت کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بائیں ٹانگ یا پیر میں اس قدر تکلیف ہے کہ وہ ہل نہیں پارہیں ،ان کے بیٹے شہزادہ چارلس اس وقت کورونا کا شکار ہیں جو دو روز قبل ہی ملکہ الزبتھ سے مل کر گئے تھے ۔
تفصیلات کے مطابق ونڈسر کاسل میں بحریہ کے دو سینیئر افسران کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملکہ الزبتھ کو ایک ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ وہ حرکت میں دشواری کی شکایت کر رہی ہیں،ملکہ الزبتھ نے افسران سے ملتے ہوئے کہا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میں ہل نہیں پا رہی۔
لندن کے مغرب میں واقع اپنی رہائش گاہ کے اوک روم میں افسران سے ملاقات کے دوران ملکہ الزبتھ اپنی بائیں ٹانگ یا پیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتا رہی تھیں کہ اس میں تکلیف ہے،ملکہ برطانیہ کی تکلیف سے متعلق بکنگھم پیلیس کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بظاہر انہیں کوئی سنگین بیماری نہیں لیکن جسم میں کھچائو کی وجہ سے وہ اپنی بائیں ٹانگ میں درد محسوس کر رہی ہیں جس کی وجہ سے وہ چلنے سے قاصر ہیں ،اس کے علاوہ یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ ہو سکتا ہے ملکہ برطانیہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہوں کیونکہ دوروز قبل ان سے ملنے والے شہزاد ہ چارلس کی رپورٹ پازیٹو آئی تھی ۔