سابق بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ کی مودی حکومت پر شدید تنقید

10:18 PM, 17 Feb, 2022

نئی دہلی:سابق بھارتی وزیر اعظم اور کانگریس کے سینئر رہنما منموہن سنگھ نے جعلی قوم پرستی اور تقسیم کرنے والی پالیسیوں کو آگے بڑھانے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کی قوم پرستی کھوکھلی اور خطرناک ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق منموہن سنگھ نے جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج لوگ تقسیم ہو رہے ہیں،حکومت کی قوم پرستی کھوکھلی اور خطرناک ہے ، ان کی قوم پرستی انگریزوں کی تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی پر مبنی ہے، آئینی اداروں کو کمزور کیا جا رہا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسی میں خود غرضی اور لالچ ہے، اپنے مفاد کے لیے وہ لوگوں کو تقسیم کر رہے ہیں اور انہیں لڑنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف عوام مہنگائی اور بیروزگاری کے مسائل سے دوچار ہیں تو دوسری جانب گزشتہ ساڑھے سات سال سے برسراقتدار بی جے پی حکومت اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے اور سدھارنے کے بجائے ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کو لوگوں کے مسائل کیلئے ذمہ دا ر ٹھہرا رہی ہے ۔

منموہن سنگھ نے یہ بھی کہا کہ نریندر مودی کی قیادت والی بھارتی حکومت لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر ہونے والی پیش رفت کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت کو اقتصادی پالیسی کی کوئی سمجھ نہیں ہے اورمعاملہ صرف اندرون ملک تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ حکومت خارجہ پالیسی میں بھی ناکام ہو چکی ہے۔

مزیدخبریں